اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرحسن روحانی نے آج تہران میں جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی تعاون اور روابط کی وزیر، محترمہ انکوانا ماشابانہ کے ساتھ ملاقات میں ، ایران کی پر امن ایٹمی سرگرمیوں کے سلسلے ميں اس ملک کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا ایران کے خلاف غیر منصفانہ پابندیاں جاری رہنا ناممکن ہے اور مغربی کمپنیاں اس وقت ایران کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کے معاہدے کررہی ہیں ۔ ۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کے خلاف مغربی ملکوں کے بنائے ہوئے پابندیوں کے ادارے بہت زیاد مشکلات سے دوچار ہیں کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کو حتمی شکل دینے کی آمادگي رکھتا ہے ۔ ڈاکٹر روحانی نے اسی طرح تشدد ، انتہاپسندی اور دہشت گردی کو ترقی پذیر ملکوں کے لئے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریۂ ایران جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات میں توسیع کا خواہاں ہے ۔ اس ملاقات میں جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی تعاون اور روابط کی وزیر انکوانا ماشابانہ نے بھی ایران کی جانب سے جنوبی افریقہ کے عوام کی نسل پرستانہ جدوجہد کی حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات پر تاکید کی اور ایران مخالف پابندیوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں سے جنوبی افریقہ اور پورا علاقہ متاثر ہوا ہے جس نے بہت سی مشکلات سے دوچار کردیا ہے اوران مشکلات کے حل کے لئے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲